اسلام آباد:(کیو این این ورلڈ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کی ترقی سے برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور یہ شعبہ ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمیڈا (SMEDA) کے بزنس پلان کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے آئندہ تین سالہ روڈ میپ پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے ایک قابل عمل اور مؤثر پلان تشکیل دینے پر معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کیں کہ بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کی جانب سے ایس ایم ای سیکٹر کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے تاکہ کاروباری طبقے کو درپیش مالی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ایس ایم ایز کو عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنیادوں پر متعارف کرانے کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ تعاون بڑھایا جا رہا ہے اور حال ہی میں چھ بڑے شہروں میں استعداد کار بڑھانے کے لیے متعدد ورکشاپس اور تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ایس ایم ای سیکٹر میں خواتین کی شرکت اور ان کے فعال کردار کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اہم بیٹھک میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز سمیت سمیڈا کے بورڈ ارکان اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایس ایم ایز کو درپیش تمام مسائل کے سدباب کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تاکہ ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔