میرپورماتھیلو:(کیو این این ورلڈ/نامہ نگارمشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایات پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری مہم کے دوران تھانہ یارو لنڈ اور تھانہ داد لغاری پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے واپڈا کی چوری شدہ تاریں، موٹر سائیکلوں کے پارٹس اور دیگر سامان برآمد کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ یارو لنڈ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم سجاد علی مہر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے واپڈا کی تاریں اور موٹر سائیکلوں کے چوری شدہ مختلف حصے برآمد کر لیے، جبکہ اس کا بھائی اور شریکِ جرم ملزم بھار مہر پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے برآمدہ سامان قبضے میں لے کر دونوں ملزمان کے خلاف کرائم نمبر 01/2026 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مفرور ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

اسی سلسلے میں تھانہ یارو لنڈ پولیس نے ایک اور کارروائی کے دوران قاضی محلہ میں غلام یاسین عرف پپو کھوکر کی کباڑ کی دکان پر چھاپہ مارا، جہاں سے موٹر سائیکلوں کے چوری شدہ پارٹس برآمد ہوئے، تاہم ملزم اپنے ایک نامعلوم ساتھی سمیت فرار ہونے میں کامیاب رہا جس کے خلاف کرائم نمبر 02/2026 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ادھر تھانہ داد لغاری پولیس نے کینجھر پتافی اسٹاپ پر ملزم محمد اسماعیل پتافی کی کباڑ کی دکان پر چھاپہ مار کر واپڈا کی چوری شدہ تاریں، لوہے کی جالیاں اور موٹر سائیکلوں کے پارٹس برآمد کیے۔ ملزم پولیس کی آمد پر سامان چھوڑ کر فرار ہو گیا جس کے خلاف کرائم نمبر 03/2026 درج کیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ یہ گروہ بجلی کی تاروں، ٹرانسفارمر کی کوائلوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری اور خرید و فروخت میں ملوث ہے، شہری ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں اور مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع فوری پولیس کو دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے