لکی مروت(کیو این این ورلڈ) لکی مروت میں بیگوخیل سڑک پر ناورخیل موڑ کے قریب دہشت گردوں نے لکی سیمنٹ فیکٹری کی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور فیکٹری کا ایک ملازم جاں بحق ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق بارودی مواد سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا جس کی زد میں بیگوخیل سے فیکٹری جانے والی بس آئی، جس میں ملازمین کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی سوار تھے۔ اس افسوسناک واقعے میں دو خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، زخمیوں میں سیمنٹ فیکٹری کے 4 ملازمین بھی شامل ہیں۔

دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تمام زخمیوں کو لکی سٹی اسپتال منتقل کیا، جہاں ایم ایس ڈاکٹر کفایت اللہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس میں اکثریت عام شہریوں کی تھی جو مقامی گاؤں سے لکی مروت شہر کی جانب جا رہے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے