اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کشمیریوں کے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی جبر و تشدد کے تمام تر ہتھکنڈے کشمیری عوام کے آزادی کے عزم کو پست کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ وزیراعظم نے یاد دلایا کہ 5 جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاکستان و بھارت نے وہ تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا تھا، اس قرارداد میں واضح طور پر طے پایا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا، مگر انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ بھارت کے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے اور ہٹ دھرمی کے باعث یہ عالمی عہد اب تک پورا نہیں ہو سکا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ مقبوضہ وادی کے غیور عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے بدترین مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا مردانہ وار سامنا کر رہے ہیں، ان کا جذبہ حریت آج بھی اتنا ہی توانا ہے جتنا پہلے روز تھا۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے جابرانہ اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فی الفور عملی اقدامات اٹھائے اور کشمیریوں کو ان کا دیرینہ اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انصاف نہیں مل جاتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے