کراچی(کیو این این ورلڈ) کراچی میں سکیورٹی اداروں نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے جس سے شہر ایک ممکنہ بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رئیس گوٹھ میں ایک ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران چار ٹن سے زائد دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے، جبکہ موقع سے گیس سلینڈرز اور ایک منی ٹرک بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اہم کارروائی پہلے سے زیر حراست دہشت گردوں کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی جس کے دوران انکشاف ہوا کہ دہشت گردوں نے اس بارودی مواد سے بھرے ٹرک کے ذریعے شہر کی مصروف ترین شاہراہ آئی آئی چندریگر روڈ پر کسی بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے بارودی مواد کو بڑی مہارت کے ساتھ ڈرموں میں بھر کر شہر میں منتقل کیا تھا تاکہ کسی کو شک نہ ہو سکے، تاہم حساس اداروں نے بروقت کارروائی کر کے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ برآمد کیے گئے سامان میں بارودی مواد سے بھرے 60 ڈرم اور 5 گیس سلینڈرز شامل ہیں جنہیں بم ڈسپوزل اسکوڈ نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ناکارہ بنا دیا ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد کی موجودگی شہر میں کسی ہولناک واقعے کی جانب اشارہ تھی، تاہم اب علاقے کو کلیئر کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر سہولت کاروں تک پہنچا جا سکے۔