ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے دورِ حکومت میں مرمت ہونے والا لاڈن، دری میرو تا گیڈر والا شوریہ لنک روڈ انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، جس سے علاقے کی وسیع آبادی شدید ترین سفری مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔ تقریباً 7 کلومیٹر طویل یہ اہم شاہراہ، جو گنجان آباد علاقوں کو ملتان روڈ سے ملاتی ہے، جگہ جگہ گڑھوں اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث اب سڑک کے بجائے کسی جوہڑ کا منظر پیش کر رہی ہے، جس پر روزمرہ آمدورفت انتہائی دشوار ہو چکی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دو سال قبل شوریہ نہر کو پختہ کرنے کے دوران ٹھیکیدار کی بھاری مشینری اور اوور لوڈڈ ڈمپروں کی مسلسل نقل و حمل نے اس سنگل سڑک کا حلیہ بگاڑ دیا، جس کے باعث سڑک مختلف مقامات سے بیٹھ گئی اور بڑے گڑھے پڑ گئے، جبکہ ٹھیکیدار نہر کا کام مکمل کرنے کے بعد سڑک کو ناکارہ حالت میں چھوڑ کر غائب ہو گیا۔

اس شاہراہ کی خستہ حالی اب انسانی جانوں کے لیے بھی بڑا خطرہ بن چکی ہے کیونکہ سڑک ناقابلِ استعمال ہونے کی وجہ سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 کی گاڑیوں اور ایمبولینسز کو طویل متبادل راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے، جس سے وقت ضائع ہونے کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہر وقت برقرار رہتا ہے۔ مقامی آبادی نے موجودہ منتخب نمائندوں کے رویے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی نمائندے صرف زبانی جمع خرچ اور کھوکھلے بیانات تک محدود ہیں جبکہ زمین پر عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔

علاقہ مکینوں نے حکومتِ وقت اور متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ لاڈن تا گیڈر والا 7 کلومیٹر طویل سڑک کی ازسرِ نو تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس وبال سے نجات مل سکے اور کسی بڑے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے