ڈیرہ غازی خان: (کیو این این ورلڈ/جواد اکبر کی رپورٹ)پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے دوسرے مرحلے کے تحت چودھویں سکیل کے انفورسمنٹ افسران اور گیارہویں سکیل کے انویسٹی گیشن افسران کی بھرتیوں کے لیے فزیکل ٹیسٹ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر قلب حسین اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومتِ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے لیے 9 انفورسمنٹ اور 5 انویسٹی گیشن افسران کی بھرتی کی منظوری دی ہے، جس کے لیے امیدواروں کے قد، چھاتی کی پیمائش اور دوڑ کے فزیکل ٹیسٹ ایئرپورٹ کے قریب مقررہ مقام پر منعقد ہوں گے۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق انویسٹی گیشن افسران کے ٹیسٹ 5 جنوری جبکہ انفورسمنٹ افسران کے ٹیسٹ 7 جنوری کو لیے جائیں گے، جس کے لیے تمام انتظامی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھرتی کے تمام مراحل کو مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی بنایا جائے گا تاکہ صرف اہل اور باصلاحیت امیدوار ہی سامنے آ سکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ ٹیسٹ کے دوران نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور کسی بھی قسم کی بد نظمی یا سفارش کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے، پرائس کنٹرول ایکٹ کے نفاذ اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں میں ‘پیرا’ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، اس لیے ادارے کی مضبوطی کے لیے شفاف بھرتیاں پہلی ترجیح ہیں۔ انہوں نے افسران کو فزیکل ٹیسٹ کے آغاز سے قبل تمام انتظامات کی دوبارہ چیکنگ کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے