ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ،نامہ نگاراحسان ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ضلعی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام ضلعی پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ نے تمام مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ نے مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کے خلاف شکنجہ سخت کرنے کا دوٹوک فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کرنے والوں کو بھاری جرمانے کیے جائیں اور سنگین خلاف ورزیوں پر فوری ایف آئی آرز (FIRs) درج کی جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے گوشت کی فروخت میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے غیر معیاری اور پانی لگا کر گوشت بیچنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے قصابوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے لائیو اسٹاک پرائس مجسٹریٹس کے ساتھ ساتھ پیرا فورس کو بھی خصوصی اختیارات تفویض کر دیے ہیں، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قصبوں کی سطح پر سلاٹر ہاؤسز کے لیے فوری جگہ تلاش کریں اور بازاروں یا گھروں میں غیر قانونی طور پر جانور ذبح کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ روٹی اور نان کی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر ہوٹل و تندور پر ریٹ لسٹ کی فلیکسز واضح جگہ پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر کم از کم 40 مقامات کی چیکنگ کا ہدف دیتے ہوئے خبردار کیا کہ کام نہ کرنے والے افسران کی ضلع میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ نااہلی اور سستی کا مظاہرہ کرنے والے افسران ننکانہ صاحب سے اپنا تبادلہ کروا لیں کیونکہ وہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا ہفتہ وار بنیادوں پر خود جائزہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد اور اشیاء خورونوش کی سستے داموں فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔