کوئٹہ (کیو این این ورلڈ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں خواتین اور طالبات کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ‘پنک بس سروس’ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا بنیادی مقصد خواتین کی روزمرہ آمد و رفت کو محفوظ اور باوقار بنانا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محفوظ ٹرانسپورٹ کی فراہمی صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا ایک اہم حصہ ہے اور حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ اس سروس کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنک بس سروس خواتین کو تعلیم، روزگار اور صحت کی بنیادی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے مزید واضح کیا کہ پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد اس بس سروس کا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے گا تاکہ دور دراز علاقوں کی خواتین بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا، اور پنک بس سروس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو خواتین کے لیے ایک محفوظ اور مخصوص سفری ماحول فراہم کرے گی۔