اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان)بہاولپور میں بلدیاتی اداروں کی نئی حد بندیوں کا عمل شروع، ڈپٹی کمشنر نے عوامی نوٹس جاری کر دیا
حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت ضلع بہاولپور میں مقامی حکومتوں کی حد بندی، درجہ بندی اور نام سازی کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے لیے ڈپٹی کمشنر و ڈیمارکیشن آفیسر سید حسن رضا نے عوامی نوٹس جاری کرتے ہوئے شہریوں کو اس عمل میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اعلامیے کے مطابق ضلع کی مختلف تحصیلوں بشمول بہاولپور صدر، احمد پور ایسٹ، یزمان، حاصل پور اور خیرپور ٹامیوالی کی تحصیل کونسلوں سمیت ٹاؤن کارپوریشن بہاولپور ون و ٹو، میونسپل کارپوریشن احمد پور ایسٹ اور خانقاہ شریف، سمہ سٹہ، اوچ شریف، چنی گوٹھ، مبارک پور جیسی تمام میونسپل کمیٹیوں کی حد بندی کے ابتدائی مسودات تیار کر لیے گئے ہیں۔ یہ تجاویز بدھ 7 جنوری 2026 کو ڈپٹی کمشنر آفس، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر اور بلدیاتی اداروں میں عوامی معائنے کے لیے آویزاں کر دی جائیں گی، جہاں سے شہری مقررہ فیس کی ادائیگی پر ان کی نقول بھی حاصل کر سکیں گے۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو مکمل اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ان ابتدائی تجاویز پر اپنے اعتراضات یا مشورے 7 جنوری سے 14 جنوری 2026 تک متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر یا اسسٹنٹ ڈیمارکیشن آفیسر کے پاس تحریری طور پر جمع کروائیں، جس کے بعد 15 سے 17 جنوری تک ان اعتراضات کو عوامی سطح پر رکھ کر جوابی اعتراضات وصول کیے جائیں گے۔ واضح کیا گیا ہے کہ صرف وہی درخواستیں قابلِ سماعت ہوں گی جو پنجاب ڈیمارکیشن رولز 2025 کے مطابق فارم نمبر II پر تین نقول میں جمع کرائی جائیں گی اور جن کے ساتھ درخواست گزار کے شناختی کارڈ کی کاپی اور دستخط موجود ہوں گے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس عمل کا بنیادی مقصد آبادی، جغرافیائی حدود اور انتظامی سہولیات کو مدنظر رکھ کر ایک بااختیار بلدیاتی نظام تشکیل دینا ہے تاکہ عوامی مسائل کا نچلی سطح پر حل ممکن ہو سکے۔