نواب شاہ(کیو این این ورلڈ): نوابشاہ کے قریب ایک خوفناک ریلوے حادثہ اس وقت بال بال ٹل گیا جب کراچی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس باندھی ریلوے اسٹیشن کے قریب اچانک دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔ ٹرین کی بوگیوں کے آپس میں الگ ہونے اور زوردار آواز کے باعث مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ ہنگامی بنیادوں پر ٹرین سے نیچے اتر آئے۔ تاہم، ریلوے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ٹرین کی رفتار کم ہونے یا بروقت قابو پانے کی وجہ سے کوئی بھی بوگی پٹری سے نہیں اتری اور تمام مسافر محفوظ رہے، جس کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

سٹیشن ماسٹر شہزاد عمرانی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ یہ حادثہ ٹرین کے بوگیوں کو جوڑنے والے پریشر پائپ کے اچانک نکل جانے کی وجہ سے پیش آیا، جس کے نتیجے میں ٹرین کے دو حصے الگ ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ اور تکنیکی مرمتی عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور متاثرہ حصے کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کو دور کرنے کے بعد ٹرین کو جلد ہی اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا جائے گا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے