رحیم یار خان (کیو این این ورلڈ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان کا مختصر دورہ کیا جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ایک اہم ملاقات کی۔ اس اعلیٰ سطح کی ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک یو اے ای دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون اور باہمی دلچسپ کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے اماراتی صدر کی پاکستان آمد اور یہاں قیام کا خیرمقدم کیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر کو پاکستان پہنچے تھے، جس کے بعد سے وہ اپنے نجی دورے اور شکار کے سلسلے میں رحیم یار خان میں مقیم ہیں۔ قبل ازیں، 27 دسمبر کو ایک پریس بریفنگ کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے میڈیا کو آگاہ کیا تھا کہ یو اے ای کے صدر رحیم یار خان میں شکار کے لیے موجود ہیں۔ وزیراعظم کی اس ملاقات کو سفارتی حلقوں میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر یمن کی حالیہ صورتحال اور خطے میں پیدا ہونے والے نئے سفارتی تناظر میں پاکستان کی جانب سے یو اے ای اور سعودی عرب کے درمیان مصالحانہ کردار اور برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کے حوالے سے یہ دورہ انتہائی کلیدی تصور کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے