واربرٹن (نامہ نگارعبدالغفارچوہدری) سٹی پریس کلب رجسٹرڈ واربرٹن کے صدر شیخ خلیل الرحمن چاولہ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کے سلسلے میں اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان محض ایک اتفاق نہیں بلکہ قائداعظم کی قائدانہ صلاحیتوں، بے مثال اصول پسندی اور انتھک جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قائداعظم کے افکار اور فرمودات آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کے بتائے ہوئے رہنما اصول ہی قومی ترقی اور خوشحالی کی اصل بنیاد سمجھے جاتے ہیں۔ شیخ خلیل الرحمن چاولہ کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے ایمان، اتحاد اور تنظیم کا جو سنہری سبق قوم کو دیا، وہ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک مکمل فلسفہ ہے جس پر خلوصِ دل سے عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کو درپیش موجودہ اندرونی اور بیرونی مشکلات کے گرداب سے نکالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ہم تمام تر ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر صرف قومی مفادات کو ملحوظِ خاطر رکھیں اور اپنی نئی نسل کو قائداعظم کے نظریات سے روشناس کروائیں۔ صدر سٹی پریس کلب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے، اور اگر ہم اپنی نسل کی فکری آبیاری قائداعظم کے اصولوں کے مطابق کریں گے تو وہ ملک و قوم کی خوشحالی میں اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے نقشِ قدم پر چل کر ہی ہم ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں جس کا خواب بانیِ پاکستان نے دیکھا تھا۔