گھوٹکی (نامہ نگار مشتاق علی لغاری)تحصیل میرپور ماتھیلو کے شہر جروار اور گرد و نواح میں بجلی کے بحران نے ایس ڈی او واپڈا کے ظالمانہ رویے کے باعث سنگین صورتحال اختیار کر لی ہے۔ گزشتہ نو روز سے مسلسل اندھیرے میں ڈوبے ہوئے شہریوں کو اس وقت شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا جب بجلی بحال کرنے کے بجائے محض چند لمحوں کے لیے بجلی کے جھٹکے دے کر دوبارہ بند کر دی گئی۔ اس صورتحال پر ایس ڈی او میرپور ماتھیلو کی جانب سے مبینہ طور پر یہ تکبرانہ پیغام دیا گیا کہ بجلی ان کی ذاتی مرضی سے چلے گی اور جب وہ چاہیں گے تب ہی فراہم کی جائے گی۔ افسران کی اس کھلی من مانی اور عوامی حقوق کی پامالی نے جروار کے شہریوں کا صبر لبریز کر دیا ہے، جو پہلے ہی کاروبار کی بندش، پانی کی قلت اور زرعی نقصانات کی وجہ سے شدید پریشان ہیں۔
نو دن گزرنے کے باوجود بجلی کی مستقل بحالی نہ ہونا محکمہ واپڈا کی نااہلی اور عوامی دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس نے جروار کی مارکیٹوں کو ویران اور صنعتی یونٹس کو بنجر بنا دیا ہے۔ رات کے وقت مکمل بلیک آؤٹ کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ اعلیٰ حکام کی خاموشی نے ایس ڈی او جیسے افسران کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ عوام نے سندھ حکومت اور سکھر ڈویژن کے اعلیٰ بجلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ڈی او میرپور ماتھیلو کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کی جائے اور بجلی کی فراہمی کو فی الفور یقینی بنایا جائے۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ ناروا سلوک بند نہ ہوا تو وہ ضلعی ہیڈ کوارٹر گھوٹکی میں بڑے پیمانے پر احتجاج اور دھرنا دیں گے جس کی ذمہ داری براہ راست انتظامیہ پر ہوگی۔