ڈیرہ غازی خان(سٹی رپورٹرجواداکبر)پولیس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن
ڈیرہ غازی خان پولیس نے سال 2025 کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پولیس کی مؤثر حکمتِ عملی کے نتیجے میں جرائم پیشہ گینگز اور اشتہاری مجرموں کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا، جس کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 147 گینگز کے 431 ارکان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔ اشتہاری مجرموں کے خلاف کیے گئے کریک ڈاؤن میں کیٹیگری اے کے 900، کیٹیگری بی کے 3165 اور 470 عدالتی مفروران کو حراست میں لیا گیا، جو ضلع میں امن کی صورتحال بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
منشیات کے خلاف حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کی گئی کارروائیوں میں بھاری مقدار میں نشہ آور اشیاء برآمد کی گئی ہیں، جن میں 9493 لیٹر شراب، 573 کلوگرام چرس، 6 کلوگرام ہیروئن، 23340 گرام آئس اور 248 کلوگرام بھنگ شامل ہے۔ اسی طرح ناجائز اسلحہ کے خلاف مہم کے دوران 84 کلاشنکوف، 811 پسٹل، 9 رائفلز اور دیگر اقسام کا اسلحہ برآمد کر کے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ مسروقہ مال کی ریکوری کے حوالے سے بھی پولیس کی کارکردگی شاندار رہی اور شہریوں سے لوٹی گئی 17 کروڑ 26 لاکھ روپے مالیت کی اشیاء بشمول گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، زیورات اور موبائل فونز برآمد کر کے مالکان کے حوالے کیے گئے۔
اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کی گئی کارروائیوں میں 495.26 ملین روپے مالیت کا نان کسٹم پیڈ مال، بشمول ایرانی ڈیزل، سگریٹ اور گاڑیاں قبضے میں لے کر کسٹمز حکام کے حوالے کی گئیں۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ غازی خان صادق بلوچ نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کا تحفظ اور جرائم کا مکمل خاتمہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں، اسمگلرز اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔