چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے بھارت کے حوالے سے سخت اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب بھارت کے ساتھ جو بھی بات ہوگی وہ صرف اور صرف برابری کی سطح پر ہوگی، اگر بھارتی ٹیم ہینڈ شیک نہیں کرنا چاہتی تو ہمیں بھی اس کا کوئی شوق نہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی انڈر 19 ٹیم کے حالیہ نامناسب رویے پر آئی سی سی سے باقاعدہ رابطہ کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے عالمی کرکٹ کونسل کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر سطح پر قومی وقار کو مقدم رکھا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے حوالے سے اہم فیصلوں کا ذکر کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کو پی ایس ایل کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پی سی بی کی خواہش ہے کہ لیگ کا آغاز 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ سے کیا جائے، جس کے لیے تمام فرنچائز مالکان سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی نے انکشاف کیا کہ اس سال ملتان سلطانز کو پی سی بی خود آپریٹ کرے گا اور پی ایس ایل کے خاتمے کے بعد اس کی نیلامی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کے اضافے کے لیے 10 پارٹیوں نے کوالیفائی کر لیا ہے، جن کی بڈنگ 8 جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
محسن نقوی نے آنے والے مہینوں کو پاکستانی کرکٹ کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ اکیڈمیوں کو خطے کی بہترین اکیڈمیز بنانا اور پاکستان شاہینز کو مزید مضبوط کرنا ان کے بنیادی اہداف میں شامل ہے۔ انہوں نے کھیلوں کی کوریج کے حوالے سے وزیر اطلاعات سے درخواست کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تاکہ نیوز چینلز اسپورٹس ایونٹس کو مزید بہتر انداز میں دکھا سکیں۔ ریڈ بال کرکٹ کے لیے کوچ کی تعیناتی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس پر کام جاری ہے اور جلد فیصلہ کر لیا جائے گا، جبکہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے فی الحال تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہی شیڈول ہیں۔