قلات(ویب ڈیسک)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی تنظیم "فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن 27 دسمبر کو دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چاروں دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ ہلاک ہونے والے یہ دہشت گرد علاقے میں تخریب کاری کی متعدد وارداتوں اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے، جن کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی ممکنہ مفرور یا چھپے ہوئے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز تاحال جاری ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مکمل طور پر بحال کیا جا سکے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ویژن "عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی یہ مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔ حکومت اور سیکیورٹی ادارے اس عزم کا اعادہ کر چکے ہیں کہ ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کی ہر ناپاک سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔