جدہ (ویب ڈیسک) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی جدہ سے ملتان آنے والی پرواز کی دو فضائی میزبانوں کے درمیان سرِ عام جھگڑے اور ہاتھا پائی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس پر ایکشن لیتے ہوئے پی آئی اے انتظامیہ نے دونوں خواتین کو معطل کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ ناخوشگوار واقعہ جدہ ایئرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں اس وقت پیش آیا جب پرواز کی روانگی کی تیاریاں جاری تھیں، جہاں دونوں فضائی میزبان کسی بات پر الجھ پڑیں اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ اس دوران ایئرپورٹ پر موجود مسافروں اور دیگر عملے میں بھی شدید بے چینی پھیل گئی، جس کے بعد قومی ایئر لائن کے ایک افسر نے مداخلت کر کے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کروایا۔

سوشل میڈیا پر اس جھگڑے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے معاملے کا فوری نوٹس لیا۔ ترجمان پی آئی اے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ 23 دسمبر کو پیش آیا تھا اور نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی پر دونوں فضائی میزبانوں کو معطل کر کے ان کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے