ننکانہ صاحب ( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈی پی او ننکانہ فراز احمد کی خصوصی ہدایت پر ڈی پی او دفتر میں بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت، ڈی ایس پی لیگل محمد نعیم، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر حرا ایجوکیشن سسٹم چوہدری قیصر عرفان سمیت پولیس افسران، ملازمین اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شرکاء نے قائدِ اعظم کی ولولہ انگیز قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی، جبکہ طلباء و طالبات نے قومی ترانہ، ملی نغمے اور شاندار انداز میں قائدِ ملت کو سلامی پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ہیڈ کانسٹیبل انصر علوی نے ادا کیے، جبکہ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی اور ایس پی انویسٹی گیشن نے تمام شرکاء کے ہمراہ کیک کاٹا۔
ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم اپنے عظیم قائد کی بدولت ایک آزاد ریاست میں سانس لے رہے ہیں اور ان کی قائدانہ صلاحیتیں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے آزادی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کی اصل قدر کشمیر اور غزہ کے مظلوموں سے پوچھیں جو مسلسل ظلم کی آگ میں پِس رہے ہیں، لہٰذا ہمیں بطور قوم ‘ایمان، اتحاد اور تنظیم’ کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یومِ قائد منانے کا اصل مقصد صرف تقاریب تک محدود نہیں بلکہ اس جذبے کو زندہ رکھنا ہے جس کے تحت پاکستان حاصل کیا گیا تھا۔ تقریب کے دوران ڈی پی او فراز احمد نے سکول کے طلباء و طالبات میں تحائف بھی تقسیم کیے تاکہ نئی نسل میں حب الوطنی کا جذبہ مزید اجاگر کیا جا سکے۔