اوچ شریف (نامہ نگارحبیب خان)احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقوں موضع لاڑ، بستی سیری والا اور ضیا نگر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی یلغار نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں، جہاں گذشتہ شب خونخوار کتوں کے غول نے ایک غریب محنت کش جام سیف اللہ لاڑ کے باڑے پر حملہ کر کے لاکھوں روپے مالیت کی نایاب نسل کی 6 بکریاں ہلاک اور ایک کو شدید زخمی کر دیا۔ متاثرہ شہری کے مطابق یہ مویشی اس کے خاندان کی جمع پونجی اور واحد ذریعہ معاش تھے جو انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی نذر ہو گئے، جبکہ متعدد بار شکایات کے باوجود آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ موضع لاڑ اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی بہتات کی وجہ سے رات کے اوقات میں گھروں سے نکلنا محال ہو چکا ہے اور بچے، خواتین سمیت بزرگ شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں، تاہم میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ روایتی یقین دہانیوں سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ مقامی شہریوں نے انکشاف کیا کہ اس سے قبل بھی کئی مویشی ان کتوں کا شکار بن چکے ہیں لیکن کسی بھی افسر سے باز پرس نہیں ہوئی اور نہ ہی مسئلے کے مستقل حل کے لیے کوئی حکمت عملی ترتیب دی گئی، جس سے عوامی تحفظ کا نظام بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

متاثرہ شہری اور اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور محض کاغذی کارروائیوں کے بجائے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے آوارہ کتوں کے خلاف ہنگامی کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔ سماجی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر غریب شہری کے مالی نقصان کا ازالہ نہ کیا گیا اور کتوں کی تلفی کے لیے فی الفور ایمرجنسی نافذ نہ کی گئی تو کسی بڑے انسانی سانحے کا خدشہ ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ بلدیاتی اداروں پر ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے