واربرٹن(نامہ نگارعبدالغفارچوہدری) نواحی علاقے فیروز وٹواں میں خیرالبشر فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ساجد حفیظ واٹر فلٹریشن پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، جس کا مقصد مقامی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور گندے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ اس منصوبے سے علاقے کے 500 سے زائد گھرانے مستفید ہوں گے اور طویل عرصے سے درپیش پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ سنگ بنیاد کی پروقار تقریب میں فاؤنڈیشن کے رہنما قاری صفی الرحمان، میڈیا کوآرڈینیٹر وقاص علی بھٹی، صدر قومی امن کمیٹی ملک غلام فرید، اور لاہور چیمبر آف کامرس کے نمائندے محمد رفیق چوہان سمیت دیگر اہم شخصیات اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران خیرالبشر فاؤنڈیشن کے مرکزی رہنما خواجہ عاطف حفیظ نے شرکاء کو ادارے کے دیگر فلاحی منصوبوں اور اس پلانٹ کی اہمیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ قاری صفی الرحمن نے قرآن و حدیث کی روشنی میں پانی کے صدقہ جاریہ ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔ معزز مہمانوں نے اپنے ہاتھوں سے منصوبے کی اینٹ رکھ کر اس کا باقاعدہ آغاز کیا اور ملکی سلامتی و منصوبے کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔ شرکاء نے فاؤنڈیشن کی ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے انسانیت کی خدمت کی بہترین مثال قرار دیا جس سے فیروز وٹواں کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جا رہا ہے۔