وزیراعظم شہباز شریف نے یونیورسٹی آف آزاد کشمیر، مظفر آباد میں طلبہ کے درمیان لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مئی 2025 کی جنگ میں پاک افواج کی شاندار کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہندوستان کو وہ سبق سکھایا ہے جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وقت اب دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا اور پورا کشمیر پاکستان بنے گا، ہم اتحاد اور یکجہتی کی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا جائز حقِ خودارادیت ہر صورت دلوا کر رہیں گے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملکی دفاع اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
تعلیمی وژن پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ محض ایک مشین نہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے ایک روشن مستقبل کا وژن ہے، انہوں نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر لیپ ٹاپ تقسیم کرنا رشوت ہوتی تو کیا آج ہمارے نوجوان ڈاکٹر اور انجینئر بن کر ملک کی خدمت کر رہے ہوتے؟ انہوں نے فخر سے بتایا کہ آج تک ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش پر نہیں دیا گیا بلکہ تمام تقسیم میرٹ کی بنیاد پر ہوئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے آزاد کشمیر کے لیے بڑے تعلیمی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں چار دانش اسکولوں کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی ہے اور جلد ہی آزاد کشمیر میں ایک جدید دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی تاکہ خطے کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع میسر آسکیں۔