ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز ) بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے نو منتخب وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان سے خصوصی ملاقات کی، جس میں صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تعلیمی معیار میں بہتری اور ادارہ جاتی ترقی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران نے چیئرمین پی ایچ ای سی کو بابا گورو نانک یونیورسٹی کے حوالے سے اپنے مستقبل کے تعلیمی وژن سے آگاہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی میں تدریسی و تحقیقی معیار کو عالمی تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ان کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے خاص طور پر تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے اور ادارے کو صوبائی اعلیٰ تعلیمی پالیسیوں سے مکمل طور پر ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران نے ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا کہ بابا گورو نانک یونیورسٹی پی ایچ ای سی کے وضع کردہ ضوابط اور تعلیمی معیارات کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائے گی تاکہ صوبے کے مجموعی تعلیمی نظام میں یہ جامعہ ایک مؤثر اور کلیدی کردار ادا کر سکے۔ اس موقع پر چیئرمین پی ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے وائس چانسلر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور بابا گورو نانک یونیورسٹی کی ترقی کے لیے کمیشن کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے واضح کیا کہ پی ایچ ای سی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم کی بلندی، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اپنا معاونتی کردار بھرپور طریقے سے جاری رکھے گا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں شخصیات نے باہمی تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا تاکہ تحقیق اور بہتر انتظامی ڈھانچے کے ذریعے پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے نظام کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔