اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان کی ترقی اور خارجہ پالیسی میں فیلڈ مارشل کی خدمات مسلمہ ہیں، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے پاکستان کی تعمیر و ترقی اور استحکام کے لیے کی جانے والی انتھک کوششوں کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام موجود نہیں ہے۔ برطانوی جریدے "فنانشل ٹائمز” کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کا ماہر قرار دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا نے بھی ان کی سفارتی بصیرت اور بھارت کے خلاف حالیہ جنگی کامیابیوں کا کریڈٹ انہیں دیا ہے۔ وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں ملک دشمن عناصر کے خلاف کامیابیاں اور ملکی معیشت کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

دوسری جانب، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی ان خیالات کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ خارجہ پالیسی کی شاندار کامیابی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مشترکہ حکمت عملی کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موثر پالیسی کی بدولت پاکستان کے دنیا کے ساتھ تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوئے ہیں اور آج چین، امریکہ سمیت تمام عرب ممالک پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ واضح رہے کہ برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے اپنی حالیہ رپورٹ میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی متاثر کن شخصیت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بدلتے ہوئے عالمی نظام میں ایک انتہائی موثر اسٹریٹجک رہنما اور کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کا ماہر قرار دیا ہے، جو پاکستان کے بین الاقوامی وقار میں اضافے کا باعث بنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے