اسلام آباد(ویب ڈیسک)ڈیجیٹل پاکستان وژن کی جانب بڑی پیش رفت، ای سی سی نے فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کی منظوری دے دی
حکومتِ پاکستان نے ملک میں ڈیجیٹل انقلاب لانے اور انٹرنیٹ کی رفتار میں اضافے کے لیے فائیو جی (5G) ٹیکنالوجی کی نیلامی کے عمل کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر زور دیا کہ مالیاتی اور ڈیجیٹل شمولیت کے لیے اسپیکٹرم کا حصول ناگزیر ہے، کیونکہ ماضی میں جن اسپیکٹرم کی نیلامی نہ ہو سکی وہ قومی معیشت کے لیے ایک بڑے مالی نقصان کا باعث بنے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے اور آج کی منظوری اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
محمد اورنگزیب نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ نیلامی کے اس پیچیدہ عمل کو شفاف اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے "نیشنل اکنامک ریسرچ ایسوسی ایٹس” (نیرا) نامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ کنسلٹنٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی نیلامیوں کا تفصیلی جائزہ لیا ہے، جس کی روشنی میں اسپیکٹرم کی قیمتوں، ادائیگی کی شرائط اور نیلامی کے مجموعی ڈیزائن کی سفارشات تیار کی گئیں۔ وزیر خزانہ کے مطابق، ان سفارشات میں سب سے پہلے پاکستان کے قومی مفادات کو ترجیح دی گئی ہے اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد اب ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے آغاز کا راستہ صاف ہو گیا ہے، جس سے نہ صرف آئی ٹی کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ صارفین کو بھی تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولیات میسر آئیں گی۔