میلبرن(ویب ڈیسک)ایشز سیریز میں مسلسل شکستوں کے سائے میں گھری انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے آسٹریلیا میں چھٹیوں کے دوران حد سے زیادہ شراب نوشی کی خبروں نے نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے، جس پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ECB) کے مینجنگ ڈائریکٹر راب کی نے باقاعدہ تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے قبل انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے کوئنز لینڈ کے مشہور تفریحی ساحلی مقام ‘نوسا’ میں چھٹیاں منائیں، جہاں سے ان کی جانب سے ضرورت سے زیادہ الکحل نوشی کی رپورٹس سامنے آئیں۔ اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے راب کی نے واضح کیا کہ ایک بین الاقوامی کرکٹ ٹیم سے اس طرح کے غیر پیشہ ورانہ رویے کی قطعاً توقع نہیں کی جا سکتی اور اگر ان خبروں میں صداقت ہوئی تو یہ عمل ناقابلِ قبول ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس ٹرپ کے خلاف نہیں تھے لیکن اگر اس کا مقصد کھیل پر توجہ دینے کے بجائے حد سے تجاوز کرنا تھا، تو بورڈ اس صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے گا۔
دوسری جانب ایشز کے ابتدائی تینوں ٹیسٹ میچز میں عبرتناک شکست کے بعد جہاں کھلاڑیوں کے طرزِ زندگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں، وہی ہیڈ کوچ برینڈن میکلم کو بھی شدید تنقید کا سامنا ہے۔ تاہم راب کی نے اس مشکل گھڑی میں ہیڈ کوچ کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ برینڈن میکلم ایک بہترین کوچ ہیں اور ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں مجموعی ریکارڈ انتہائی متاثر کن رہا ہے، اس لیے محض ایک سیریز کی بنیاد پر ان کی صلاحیتوں پر شک نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم کے کھلاڑی اپنے رویے میں بہتری لائیں گے اور مستقبل کے میچوں میں پیشہ ورانہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کی توقعات پر پورا اتریں گے۔