پشاور،کراچی(ویب ڈیسک)پاک فوج نے پشاور کے طلبہ و طالبات کے لیے ایک دن خصوصی طور پر مختص کیا تاکہ نوجوان نسل کو پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فرائض اور قومی سلامتی میں کردار سے آگاہ کیا جا سکے۔ طلبہ نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، اور پاک فوج کے مختلف پیشہ ورانہ امور، عسکری ذمہ داریوں اور جدید ہتھیاروں کی تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
کور کمانڈر پشاور نے طلبہ کے سوالات کے مفصل اور اطمینان بخش جوابات دیے۔ طلبہ نے جدید ہیلی کاپٹرز، طیارے، مواصلاتی آلات اور ہتھیاروں کا معائنہ کیا اور کاؤنٹر ٹیررزم شو میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ دورے کے دوران انہوں نے سی ایم ایچ پشاور میں زخمی فوجیوں کی عیادت بھی کی۔ طلبہ نے کہا کہ یہ تجربہ انہیں پاک فوج کی جنگی صلاحیت اور قوم کے ساتھ اس کے عزم کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوا۔

ادھر شہرِ قائد کی مختلف جامعات کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے ملیر گیریژن کا دورہ کیا اور پاک فوج کے ساتھ ایک یادگار دن گزارا۔ جی او سی ملیر گیریژن کراچی نے طلبہ و اساتذہ کے لیے خصوصی مکالماتی نشست کا اہتمام کیا، جس میں قومی سلامتی، موجودہ چیلنجز اور پاک فوج کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
طلبہ و فیکلٹی ممبران نے جدید اسلحے، فائرنگ کی عملی مشقوں اور فوجی جوانوں کی مہارتوں کا مشاہدہ کیا۔ جی او سی ملیر نے دشمن کے منفی پروپیگنڈے کا مؤثر مقابلہ کرنے اور ففتھ جنریشن وارفیئر کے خطرات سے آگاہ کرنے پر زور دیا۔ دورے کے اختتام پر طلبہ و اساتذہ نے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی اور قربانی کا اعادہ کیا، جس سے نوجوان نسل میں قومی سلامتی اور فوج کے کردار کے شعور کو فروغ ملا۔