اسلام آباد (ویب ڈیسک):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریکِ انصاف سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے تو حکومت بھی بات چیت پر آمادہ ہے، تاہم غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے ساتھ کوئی ڈائیلاگ ممکن نہیں۔

کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی میں متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ جائز اور آئینی نکات پر مذاکرات آگے بڑھائے جا سکتے ہیں اور پی ٹی آئی کے اراکین کو ایوان میں بھی ڈائیلاگ کی دعوت دی جا چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پی آئی اے کی نجکاری کا اہم دن ہے، جس کے لیے متعلقہ حکام اور کابینہ ارکان نے بھرپور محنت کی۔ بولیاں سربمہر لفافوں میں موصول ہوئیں اور پورا عمل براہِ راست دکھایا جا رہا ہے۔ شفاف اور کامیاب بولی سے معاملات بہتر ہوں گے۔ نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی بڑی ٹرانزیکشنز میں سے ایک ہے، اس لیے تمام مراحل کا دوبارہ کابینہ میں آنا ضروری تھا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل کو کے ایس اے میں کنگ عبدالعزیز ایوارڈ ملنے پر قوم کے لیے اعزاز قرار دیا۔

آخر میں شہباز شریف نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی دکھائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے