راولپنڈی(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممکنہ احتجاج اور لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کے شیڈول اجتماع کے پیشِ نظر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ شہر، کینٹ اور گرد و نواح کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 32 مختلف مقامات پر خصوصی پولیس پکٹس قائم کر دی گئی ہیں، جہاں ہر پکٹ پر اپر سبارڈینیٹ کی سربراہی میں پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ پولیس فورس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ربڑ کی گولیوں، آنسو گیس کی گنوں، شیلوں اور جدید اینٹی رائٹس آلات و کٹس سے لیس رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو فوری طور پر روکا جا سکے۔
سیکیورٹی پلان کے مطابق لیاقت باغ، فوارہ چوک، منڈی موڑ، کیرج فیکٹری، کمیٹی چوک، چاندنی چوک اور فیض آباد کے دونوں اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات رہے گی۔ اس کے علاوہ صادق آباد، میٹرو اسٹیشن صدر، 22 نمبر چونگی، چوہڑ چوک اور ایم ایچ چوک جیسے حساس علاقوں میں بھی پولیس پکٹس قائم کر کے نگرانی کا عمل سخت کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کی جانب سے سینٹرل جیل اڈیالہ کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور گیٹس پر بھی خصوصی پہرہ بٹھا دیا گیا ہے، جبکہ چک بیلی موڑ، ٹھلیاں انٹرچینج، چکری انٹرچینج اور جوڑیاں کے مقامات پر بھی پولیس کی چوکیاں قائم کی گئی ہیں تاکہ شہر میں داخل ہونے والے تمام راستوں کی کڑی نگرانی کی جا سکے۔
سیکیورٹی انتظامات کی براہ راست کمانڈ اینڈ کنٹرول کی ذمہ داری سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی سنبھالے ہوئے ہیں، جبکہ تمام آپریشنل سپروائزری فرائض ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب سرانجام دے رہے ہیں۔ پولیس فورس کو موجودہ سیکیورٹی حالات اور ممکنہ خطرات (تھریٹس) کے حوالے سے مکمل طور پر بریف کر دیا گیا ہے اور انہیں ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ سمیت شہر کے پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔