اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ملگدا چوک کے قریب پاکپتن روڈ پر شدید دھند کے باعث ایک کار برساتی نالے میں جاگری، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی شخص کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت خضر حیات ولد غلام رسول اور محمد اجمل ولد احمد یار، ساکنان 37 فور ایل کے ناموں سے ہوئی، جبکہ زخمی شخص کی شناخت ارشاد ولد غفور کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا قائم ہے۔