اسلام آباد (ویب ڈیسک):وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان کا شمسی انقلاب دنیا کے لیے مثال بن چکا ہے، اور 17 گیگاواٹ سولر پینلز درآمد کر کے پاکستان ایشیا کی تیزی سے بڑھتی شمسی توانائی مارکیٹ میں شامل ہو گیا ہے۔

اسلام آباد میں ایشیا انرجی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 17 ہزار میگاواٹ سولر پینلز عوام نے خود نصب کیے، اور آج پاکستان اپنی 52 فیصد بجلی صاف توانائی سے پیدا کر رہا ہے، جو ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ ایشیائی ممالک میں سالانہ 300 ارب ڈالر کے موسمیاتی نقصانات ریکارڈ ہو رہے ہیں، اور قابلِ تجدید توانائی میں سرمایہ کاری میں ایشیا نے 900 فیصد اضافہ کے ساتھ سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان ڈی کاربنائزیشن، ڈیجیٹائزیشن اور ڈی سینٹرلائزیشن کی حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہا ہے، اور سمارٹ میٹرز اور آئی سی ٹی اپ گریڈیشن جدید سمارٹ گرڈ کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ ساتھ ہی ڈسکوز کی نجکاری اور سرکلر ڈیٹ میں کمی کو اپنی بنیادی ترجیحات قرار دیا گیا۔

اویس لغاری نے کہا کہ ایشیا توانائی منتقلی کا مرکز ہے اور دنیا کی 48 فیصد انرجی کھپت اسی خطے میں ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے