اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) – اوکاڑہ میں دوسری شادی کرنے والے شوہر کو پہلی بیوی اور اس کے ساتھیوں نے وحشیانہ تشدد کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق تھانہ حویلی لکھا کے نواحی علاقے رسول پور کے رہائشی اویس اکرم نے اپنی پسند کی شادی نجمہ عرف سونیا سے کی تھی، تاہم بعد میں اویس اکرم نے اپنی برادری میں دوسری شادی کر لی۔ اس پر نجمہ ناراض ہو گئی اور اپنے بھائی کے گھر چلی گئی۔
واقعے کے دن نجمہ اپنے بھائی اور دو ساتھیوں کے ہمراہ اویس اکرم کے گھر گئی اور اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اویس اکرم موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
پولیس تھانہ حویلی لکھا نے مقتول کے بھائی کی درخواست پر مقدمہ نمبر 2032/25 درج کیا اور نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
