اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)یونیورسٹی آف اوکاڑہ اور محکمہ ماحولیات کے اشتراک سے سموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیشِ نظر عوامی آگاہی کے لیے ایک خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس واک میں فیکلٹی ممبران اور طلباء کی بڑی تعداد نے حصہ لیا اور شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کہا کہ سموگ کے بڑھتے اثرات ہمارے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور اس کا حل اجتماعی شعور اور عملی اقدامات میں مضمر ہے۔ انہوں نے طلباء کو ماحول دوست سرگرمیوں، شجرکاری اور صاف ستھرا ماحول فروغ دینے کی اہمیت سے آگاہ کیا اور کہا کہ نوجوان نسل ماحول کے محافظ ہیں۔
واک کے اختتام پر شرکاء نے کیمپس میں شجرکاری کی اور محکمہ ماحولیات نے مؤثر ویسٹ مینجمنٹ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف اقدامات اور سموگ کی روک تھام کے سلسلے میں جاری حکومتی اقدامات سے متعلق معلوماتی مواد بھی تقسیم کیا۔
