اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاح کے اقدام کے تحت ضلع اوکاڑہ میں سیلاب متاثرہ خاندانوں میں امدادی پے آرڈرز کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ ضلع بھر میں دریائے راوی اور ستلج سے متاثرہ 1316 خاندانوں کو مجموعی طور پر 11 کروڑ 35 لاکھ 70 ہزار 565 روپے کے پے آرڈرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے متاثرین میں پے آرڈرز تقسیم کیے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجعین وسطرو، اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ سیلاب متاثرین نے اس امداد پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت سیلاب متاثرین کی فوری بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد متاثرہ خاندانوں کو ان کا حق باعزت، شفاف اور بروقت فراہم کرنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اس امر کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ہر متاثرہ خاندان تک امداد کی فراہمی بلا تعطل اور شفاف بنیادوں پر ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ امداد کی تقسیم کے دوران کسی قسم کی تاخیر، بے ضابطگی یا بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی اور ترجیح ہے کہ ہر متاثرہ خاندان کا حق مکمل عزت و احترام کے ساتھ پہنچایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ افراد سے کہا کہ اگر امدادی کاروائیوں کے دوران کوئی مسئلہ درپیش ہو تو فوراً ضلعی کنٹرول روم یا متعلقہ انتظامی افسر سے رابطہ کریں تاکہ فوری حل کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے