اسلام آباد:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان بدعنوانی کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مالی بدعنوانی نہ صرف ملکی ترقی، معاشرتی تنوع اور معیشت کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہے بلکہ عوامی اعتماد کو بھی مجروح کرتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 2025 میں یہ عالمی دن "نوجوانوں کے ساتھ مل کر بدعنوانی کے خلاف: ایماندار، باعزت مستقبل کی بنیاد” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ہر عمر کے افراد کو بدعنوانی کے خلاف متحد کرنا اور اس ناسور کے خاتمے میں نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان ہمارا بیش قیمت اثاثہ ہیں اور ان کی شمولیت کے بغیر بدعنوانی کا مؤثر خاتمہ ممکن نہیں۔ مالی بدعنوانی کے خلاف حکومت کی ترجیحات میں قانونی اور ادارہ جاتی اقدامات شامل ہیں، اور قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت تمام متعلقہ ادارے ہر سطح پر جوابدہی یقینی بنانے کے لیے بھرپور کارروائی کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ نیب کی کوششیں، بشمول منظم مالی جرائم کے متاثرین کی بروقت داد رسی اور نوجوانوں میں انسداد بدعنوانی آگاہی پیدا کرنا، قابل تحسین ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بدعنوانی (UNCAC) کے تحت دیگر ممالک کے ساتھ تعاون اور باہمی قانونی معاونت کے معاہدوں میں شامل ہے۔

انہوں نے اپیل کی کہ انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر سب مل کر تجدید عہد کریں کہ ہم شفاف، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، اور وفاقی، صوبائی حکومتوں سمیت پورے معاشرے کو اس جدوجہد میں شامل کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے