اسلام آباد:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کچھ عناصر دانستہ طور پر ادارے اور پی ٹی آئی کے درمیان فاصلے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ "کچھ لوگ آگ لگوانا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ادارے اور پی ٹی آئی کے درمیان غلط فہمیاں برقرار رہیں”۔

بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا۔ ان کے مطابق، پی ٹی آئی کی خواہش ہے کہ حالات بہتر ہوں اور معاملات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ ادارے کے مثبت کردار کو سراہا ہے اور ان کا مؤقف واضح ہے کہ مضبوط فوج پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہے۔

اس سے قبل ایک بیان میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملک مزید انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ان کے مطابق، اگر اشتعال انگیز بیانات دیے جائیں گے تو پھر معاملات کسی ایک فریق کے ہاتھ میں نہیں رہتے۔

انہوں نے حالیہ پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سخت مایوسی ہوئی ہے، کیونکہ جمہوریت کے دشمن عناصر چاہتے ہیں کہ سیاسی محاذ آرائی بڑھے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سیاست میں مائنس کی سوچ کے بجائے مل جل کر آگے بڑھنے کی بات ہونی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے