سال 2027 کے پہلے سالانہ امتحانات میں نویں سے بارہویں جماعت کے پانچ بنیادی مضامین کی کاپیاں ڈیجیٹل طریقے سے چیک کی جائیں گی
ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف مجاہد اقبال کھوسہ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیرہ غازی خان میں پنجاب حکومت کی امتحانی اصلاحات کے تحت جدید آن سکرین مارکنگ نظام کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ منصوبے کا افتتاح چیئرمین سی ایم ٹاسک فورس برائے امتحانی اصلاحات حکومت پنجاب مزمل محمود نے چیئرمین تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف کی زیر نگرانی منعقدہ خصوصی تقریب میں کیا۔
تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری اجمل چانڈیہ کے علاوہ لاہور، ملتان، فیصل آباد اور دیگر تعلیمی بورڈز کے چیئرپرسنز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے، شفافیت بڑھانے اور طلبہ کی تعلیمی جانچ کے عمل کو مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزمل محمود اور دیگر مقررین نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر پنجاب میں بھی امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ روایتی طریقہ امتحان کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کا مقصد امتحانی عمل میں شفافیت، درستگی اور یکسانیت کو یقینی بنانا ہے۔
مقررین نے اعلان کیا کہ سال 2027 کے پہلے سالانہ امتحانات میں نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے پانچ بنیادی مضامین فزکس، کیمسٹری، بیالوجی، میتھمیٹکس اور کمپیوٹر سائنس کے پرچوں کی جانچ آن سکرین مارکنگ کے ذریعے کی جائے گی۔
نئے نظام کے تحت طلبہ کی امتحانی کاپیوں کو سکین کرکے ڈیجیٹل شکل میں ممتحنین کو فراہم کیا جائے گا، جہاں وہ مخصوص سافٹ ویئر اور طے شدہ اصولوں کے مطابق جوابی کاپیوں کی جانچ اور نمبروں کا اندراج کریں گے۔ اس جدید طریقہ کار سے مارکنگ کے عمل میں انسانی غلطیوں کے امکانات کم کرنے، غیر شفافیت کی روک تھام اور نتائج کی درستگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ آئندہ دو سے تین سال کے دوران پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں اس نظام کو یکساں طور پر نافذ کر دیا جائے گا، جس سے صوبے بھر میں امتحانی عمل میں یکسانیت پیدا ہوگی اور طلبہ، والدین، اساتذہ سمیت عوام کا تعلیمی بورڈز کے امتحانی نظام پر اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔
تقریب میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ آن سکرین مارکنگ نظام کی کامیاب تکمیل کے لیے تعلیمی بورڈز کے ملازمین، اساتذہ اور امتحانی عملے کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تربیت فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ تمام متعلقہ افراد نئے ڈیجیٹل نظام کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ جدید آن سکرین مارکنگ نظام پنجاب کے امتحانی نظام میں اہم اصلاحات کا ذریعہ بنے گا اور تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید تقویت ملے گی۔