ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار عبداللہ مجاہد): ضلعی انتظامیہ نے بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے پیشِ نظر ننکانہ صاحب کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد تقریبات کے دوران سکیورٹی انتظامات اور ملکی و غیر ملکی سکھ یاتریوں کی سہولت کو یقینی بنانا ہے۔
جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق شہر بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولز 22 سے 25 نومبر تک بند رہیں گے۔ تاہم، گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی اسکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول فاطمہ جناح میں 20 سے 25 نومبر تک تعطیلات ہوں گی، کیونکہ ان دونوں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کو تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کی عارضی رہائش کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
اسی طرح کالجوں کے حوالے سے جاری شیڈول کے مطابق گورنمنٹ گرو نانک گریجویٹ کالج بوائز 20 سے 25 نومبر تک بند رہے گا، جبکہ گورنمنٹ گرو نانک گریجویٹ کالج ویمن اور تمام نجی کالجز 23 سے 25 نومبر تک بند رکھے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کی اس عارضی بندش سے جاری یا طے شدہ امتحانات ہرگز متاثر نہیں ہوں گے اور تمام امتحانات پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد کیے جائیں گے۔