سلگتا پاکستان اور بے خبر حکمران: "نیرو کی بانسری" کا جدید ایڈیشن

روم جل رہا تھا اور نیرو بانسری بجا رہا تھا!
ضیاء الحق سرحدی(ستارہ امتیاز) پشاور
ziaulhaqsarhadi@gmail.com

آج کی شدید سیاسی کشمکش، معاشی تباہی اور سماجی بے چینی کے عالم میں تاریخ کی وہ مشہور کہانی بار بار یاد آرہی ہے، جسے دنیا "نیرو کی بانسری” کے نام سے جانتی ہے۔ یہ کہانی ایک ایسے حکمران کی ہے جو اپنی عوام اور رعایا کے مسائل سے مکمل طور پر بے خبر تھا۔ روم جل رہا تھا، چاروں طرف آگ کا سمندر تھا، لوگ موت کے منہ میں جا رہے تھے، مگر بادشاہ نیرو دنیا و مافیہا سے بے نیاز بانسری بجا رہا تھا اور محفل موسیقی سے لطف اندوز ہو رہا تھا۔ اسے اس بات کا کوئی احساس نہیں تھا کہ اس کی عوام کس کربناک زندگی سے گزر رہی ہے، انہیں کیا مسائل درپیش ہیں، اور ایک حکمران کے طور پر ان مسائل کے حل کے لیے اس کے پاس کیا منصوبہ بندی ہونی چاہیے۔ نیرو ہر وقت اپنی ذات اور عیاشیوں میں مگن رہتا۔

یہ کہانی دنیا بھر کے حکمرانوں کے لیے ایک سخت سبق اور واضح اشارہ ہے۔ رومی سلطنت کا بادشاہ ہونے کے ناطے پوری دنیا میں اس کی طاقت کا سکہ چلتا تھا، مگر تاریخ نے اسے اس کی بادشاہت سے زیادہ اس کی بے وقوفی اور بے حسی پر یاد کیا ہے۔ اس کہانی کے تھیم میں آج کے حکمرانوں کے لیے بھی بہت سے راز و نیاز اور حکمت عملی ترتیب دینے کی منصوبہ بندی عیاں ہے، بشرطیکہ کوئی اس سے فائدہ اٹھانا چاہے اور اپنی اصلاح کرے۔ دنیا کی کوئی بھی طاقت اور حکومت اگر اپنی رعایا کی بہتری کا نہ سوچے، اگر اس میں عام لوگوں کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کا کوئی عنصر نہ ہو، یا پھر عام لوگوں کی زندگی ابتر ہو اور حکمران عیاشیوں اور ذاتی مفادات میں مصروف ہوں، تو ایسی بادشاہتیں اور حکومتیں زیادہ دیر تک نہیں چلتیں۔ اور اگر چلیں بھی، تو تاریخ انہیں "نیرو کی بانسری” کے نام سے ہی یاد کرتی ہے۔ نیرو کی بے حسی اور عوام کے ساتھ ظلم و ستم کو تاریخ نے اپنے اوراق میں جو جگہ دی ہے، وہ بھی سبق لینے کے لیے کافی ہے۔

اس کے برعکس، جن حکمرانوں نے عوام کے دلوں پر حکومت کی، گڈ گورننس، قانون کی بالادستی، سماجی حقوق، انصاف، معاشی ترقی اور خوشحالی کو اپنی ترجیحات پر رکھا، وہ آج بھی زندہ ہیں۔ کوئی حضرت عمر فاروقؓ کو بھول سکتا ہے، جنہوں نے دنیا کے تمام حکمرانوں کے لیے حکمرانی کی ایک ایسی مثال قائم کی جسے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر اقوام بھی اپنی تاریخ کا حصہ بنا چکی ہیں؟ یا پھر کون عادل حکمران عمر بن عبدالعزیزؓ کو فراموش کر سکتا ہے؟

اگر ہم پاکستان کے موجودہ حالات کا جائزہ لیں تو یہ تسلی بخش قرار دینے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ اس وقت ملک تاریخ کے بدترین معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، عام آدمی دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے، بے روزگاری عروج پر ہے، اور توانائی کا بحران عوام، خصوصاً خیبر پختونخوا کے لیے عذابِ الیم بنا ہوا ہے۔ لیکن المیہ یہ ہے کہ حکمران طبقہ، حزب اختلاف اور دیگر مقتدر ادارے ان حقیقی مسائل سے کوسوں دور ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہیں کوئی فکر نہیں کہ عوام کس اذیت ناک کرب سے گزر رہے ہیں۔ حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ انہیں کیا پرواہ! وہ تو اقتدار کی جنگ، اور بیرون و اندرون ملک اپنے اثاثوں کو بڑھانے اور بچانے کی فکر میں ہیں۔ مقتدر افراد سیاسی جوڑ توڑ اور مقدمات کے چکروں میں سب کچھ بھلا چکے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے مل کر کوئی خفیہ معاہدہ کر رکھا ہے کہ عوام کے اصل مسائل کو "نان ایشوز” بنا دیا جائے اور مل کر تماشا دیکھا جائے۔ حکومت اور اپوزیشن کا یہ "اتحاد” صرف عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے ہے۔

مختصر یہ کہ حکمرانوں، اپوزیشن اور اداروں نے مل کر پاکستان کو "شہرِ ناپرسان” بنا دیا ہے۔ یہاں بھی وہی مثال صادق آرہی ہے کہ جب روم جل رہا تھا تو نیرو چین کی بانسری بجا رہا تھا۔ ملک میں آگ لگی ہوئی ہے، معیشت ڈوب رہی ہے، لیکن ہماری سیاسی قیادت دامن کوہ اور شکر پڑیاں کے پرسکون ماحول میں بیٹھ کر یا اسمبلیوں میں ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال کر عوام کی بے بسی کا تماشا دیکھ رہی ہے۔

اگر ہم ماضی قریب کی طرف دیکھیں تو تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل اپنی انتخابی مہم کے دوران بڑے جوش و خروش سے یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ اقتدار میں آکر کشکول توڑ دیں گے اور غیر ملکی اداروں سے قرضے لینے کے بجائے ایسی اقتصادی پالیسیاں تشکیل دیں گے کہ ملکی وسائل کے اندر رہتے ہوئے خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔ لیکن اقتدار میں آنے کے بعد خود حکومت نے جو اعداد و شمار پیش کیے، اس سے ان کے غیر ملکی اداروں سے قرضے نہ لینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ معاشی نظام چلانے کے لیے ملکی وسائل کو ترقی دینے کے بجائے غیر ملکی قرضوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا گیا۔ حکومت نے یہ کبھی نہیں بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں لیے گئے قرضے کہاں استعمال ہوئے اور ملکی ترقی میں ان کا کیا کردار رہا۔ عوام کی صورتحال تو یہ ہے کہ ان کی زندگیوں میں کوئی معاشی انقلاب دکھائی نہیں دیتا، بلکہ بیروزگاری اور غربت میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ توانائی کا بحران بھی جوں کا توں ہے، اور حکومت کوئی بڑا توانائی کا منصوبہ مکمل نہیں کر سکی، جس کے باعث صنعتوں کی حالت بھی بہتر نہیں ہو سکی۔ حکومت نے اربوں ڈالر کے قرضے لیے، مگر سوال یہ ہے کہ یہ قرضے کہاں گئے؟ اب بھی حکومت کی طرف سے کوئی ایسی پالیسی نظر نہیں آتی کہ وہ آئندہ اپنی معاشی پالیسیاں چلانے کے لیے غیر ملکی قرضے نہیں لے گی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئندہ بھی حکومت قرضوں پر قرضے لے گی اور ملکی معیشت مزید بوجھ تلے دبتی چلی جائے گی۔

قارئین کرام! اس تمام صورتحال میں ایک انتہائی اہم سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا پاکستان واقعی ایک غریب ملک ہے؟ یہ سوال ایک سوئس بینک ڈائریکٹر کا ہے جس نے کہا ہے کہ پاکستان کی 97 ارب ڈالر کی خطیر رقم سوئس بینکوں میں پڑی ہے۔ یہ رقم اتنی بڑی ہے کہ اگر اسے واپس لایا جائے تو یہ 30 سال کے لیے پاکستان کے ٹیکس فری بجٹ کے لیے کافی ہو سکتی ہے، 6 کروڑ پاکستانیوں کو ملازمت دی جا سکتی ہے، ملک کے کسی بھی کونے سے اسلام آباد تک فور وے موٹرویز بنائی جا سکتی ہیں، اور 500 سے زیادہ پاور پراجیکٹس کے ذریعے ہمیشہ کے لیے فری بجلی دی جا سکتی ہے۔ ہر پاکستانی کو 60 سال تک ماہانہ 20000 روپے وظیفہ دیا جا سکتا ہے، اور ہمیں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سے کسی بھی قرض کی ضرورت نہیں رہے گی۔ لیکن المیہ یہ ہے کہ یہ رقم سوئس بینکوں میں ہے اور ملک میں آگ لگی ہوئی ہے۔

آج پاکستان ایک دوراہے پر کھڑا ہے۔ عوام کی صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور معاشی گیسوؤں میں جکڑی ریاست مزید بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے۔ حکمرانوں کو اب یہ سمجھ لینا چاہیے کہ "نیرو کی بانسری” کا دور گزر چکا ہے۔ اگر اب بھی ہوش کے ناخن نہ لیے گئے اور عوام کے مسائل کا فوری حل نہ نکالا گیا، تو یہ سلگتی ہوئی چنگاریاں ایک ایسے خوفناک آتش فشاں میں بدل سکتی ہیں جو سب کچھ جلا کر راکھ کر دے گا۔ تاریخ ایسے حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کرتی جو اقتدار کے نشے میں دھت اپنی عوام کی چیخیں نہیں سنتے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ذاتی اور گروہی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے اور ملک کو اس گرداب سے نکالا جائے، ورنہ پھر تاریخ کے اوراق میں لکھا جائے گا کہ "پاکستان جل رہا تھا اور حکمران نیرو کی طرح بانسری بجا رہے تھے۔”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے