لفظوں کا جادو یا خون کا خراج: تقریر کی تاثیر، رہنما کا کردار اور حقیقت پسندی

تقریر کی تاثیر اور فنِ خطابت کے تقاضے
کالم نگار: ظفر اقبال ظفر

ماضی میں تقریروں سے تحریکوں کے لیے بڑے بڑے مقاصد حاصل کیے گئے ہیں۔ مدتوں بعد بھی ان تقریروں سے اخذ ہونے والے نتیجے ماضی میں لے جاتے ہیں اور حال میں خون گرماتے ہیں۔ کوئی بھی تحریک تقریر کے بغیر منزل تک نہیں پہنچتی، اور مذہب و وطن نے بھی اپنے قیام اور سربلندی کے لیے تقریروں کا بھرپور استعمال کروایا ہے۔ تقریریں کبھی آتش فشاں، کبھی آتش بجاں اور کبھی آبشار کی مانند ہوتی ہیں، اور بعض تقریروں میں یہاری صورتیں جمع ہوتی ہیں۔

قیام پاکستان کے لیے وہ تقریریں جن میں آزادی اور پاکستان کا مطالبہ ہوتا یا فکرو عمل اور سرفروشی و جانبازی کی تلقین کی جاتی، بالکل آتش فشاں کی مانند تھیں جن کا آگ اور حرارت کا سیلِ بے پناہ حریف پر حاوی ہو جاتا اور ہر رکاوٹ پر غالب آ جاتا۔ اس کے برعکس، جو تقریریں اسوۂ رسولﷺ، ایمان کی کمزوری، اتحاد کی کمی، فکرِ صحیح سے محرومی اور راہِ حق سے انحراف کے بارے میں ہوتیں، وہ آبشار کی طرح تھیں، جو یہ کہتے ہوئے نیچے گرتی ہیں کہ "اچھا! تم میری سطح تک بلند نہیں ہو سکتے تو لو، ہم بلندیوں سے اتر کر تمہاری کشتِ ویراں کو سیراب کیے دیتے ہیں۔”

عام طور پر جذباتی تقریریں جب احاطۂ تحریر میں آتی ہیں تو بہت معمولی لگتی ہیں۔ کسی واقعے یا حادثے کی نسبت سے کی گئی دُھواں دار تقریر پر جب وقت بیت جائے اور اسے پڑھنے والا ذہنی طور پر اس لمحے سے بہت دُور ہو جائے جو سامعین کو میسر تھا، تو ایسی تقریر بجھی ہوئی آگ کے دُھویں سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتی۔ یوں بھی مقرر کی ذات، صفات، انداز اور آہنگ سے تقریر میں تاثر پیدا ہوتا ہے، اور تحریر میں ان کی غیر موجودگی سے جو کمی واقع ہوتی ہے وہ وقت کے ساتھ بڑھتی چلی جاتی ہے، یہاں تک کہ ایک مدت کے بعد تقریر پڑھنے کی کوئی چیز ہی نہیں رہتی۔

کسی خاص مقصد کے لیے عوامی رائے کو ایک فیصلے پر لانے کے لیے مستقبل میں جھانکنے کی صلاحیت ہر آنکھ کو نصیب نہیں ہوتی۔ اسی خصوصیت کی شہادت پر ہی کسی کو لیڈر قرار دیا جا سکتا ہے، جو مطلوبہ مقاصد کے حصول تک عوام کے خون کو اس شدت سے گرماتا رہتا ہے کہ لوگ تحریک کی کامیابی کے لیے اپنا لہو تک بہا دیتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ تقریروں کے ذریعے خونی انقلاب لائے گئے تاکہ اگلی نسلوں کا خون بہنے سے بچ سکے۔ لمبا عرصہ چلنے والی تحریکوں کے لیے لوگوں کے دلوں کو گرمائے رکھنا، جذبات کا درجہ حرارت کم نہ پڑنے دینا، سامعین کو ایک فیصلے پر جما دینا، اور پختہ نظریہ و سوچ دے کر مجاہد بنانا صرف ایک لیڈر کی تقریر ہی کرتی ہے۔ کامیابی کی آگ دوسروں کے سینے میں منتقل کرکے تکمیلِ مقصد کے ساتھ جڑی تاریخ رقم کرنا ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتا۔

جہاں انسانی بھلائی کے لیے خدائی مقصد کی تکمیل پر تقریریں ہوئیں، وہیں موقع پرستوں نے ذاتی و سیاسی مفادات میں شعلہ بیانی سے انسانی ذہنوں کے ساتھ کھیلا ہے۔ انہوں نے ناقص عقلوں کو خود غرضانہ بیانیے کے زیرِ اثر کیا، اور لوگ گھٹیا آدمی کے بڑھیا بیانے میں بہک گئے۔ تقریریں سنتے وقت اپاہج ذہن اور صحت مند ذہن کا فیصلہ الگ الگ ہوتا ہے۔ تقریر دراصل اپنی بات دوسروں کے دل میں اتارنے والے فن کا نام ہے، مگر اس فن کو جو چیز زندہ رکھتی ہے وہ مقصد کی اہمیت، الفاظ کا چناؤ اور اندازِ بیاں ہے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ نہ دیکھو کون کہہ رہا ہے بلکہ یہ دیکھو کیا کہہ رہا ہے۔ مگر اس کے ساتھ ایک اور بھی قیمتی بات وابستہ کرتا چلوں کہ اگر باکردار آدمی وہ بات کہے جس پر وہ خود پیراعمل ہو تو اس کی زبان میں حقیقی تاثیر ہوتی ہے۔ اس کے برعکس، جھوٹا انسان اگر سچی بات کہہ بھی دے تو اس کی اپنی ذات اچھے نتیجے سے محروم رہتی ہے۔ ایک لیڈر کی جاندار تقریر لاکھوں سننے والوں کو تبصرہ و تجزیہ نگار بنا دیتی ہے۔ جب نقطۂ نظر سرایت کرتا ہوا کہیں سوال بنتا ہے تو کہیں جواب بنتا ہے اور کہیں دونوں صورتیں جمع ہو جاتی ہیں۔ ایک مختصر تقریر سے سامعین کے جذبات کو بلندیوں تک لے جانا اور پھر واپس زمین پر لے آنا ایک ماہر مقرر کے فن کا کمال ہے۔

تاہم، دنیاوی مقاصد میں کی گئی بعض تقریروں میں خون کا آخری قطرہ تک بہا دینے کے اعلانات انسان کو انسان کا پیاسہ بنا دیتے ہیں۔ جب حالات بے قابو ہو جاتے ہیں تو یہ اعلان کرنے والے اپنی جان بچاتے ہوئے راہِ فرار اختیار کر جاتے ہیں اور ان کے اعلانات کی وجہ سے بہکے ہوئے عام لوگوں کی جان پر بن جاتی ہے۔ پھر ان کے سامنے دو ہی راستے ہوتے ہیں: یا تو پھونکے گئے مقصد پر جان قربان کر دیں یا جان بچانے کو مقصد سے پیچھے ہٹ جائیں۔ ایسے مواقع پر جان بچانے کا عمل اس مقصد کو ہی بے جان کر دیتا ہے۔

انسانی حقوق کے سچے لیڈر اتنے عقل مند تو ہونے ہی چاہئیں کہ انسانوں کو بچا کر حصولِ حقوق کا کامیاب راستہ نکالیں۔ ہاتھوں میں ہتھکڑیاں، پیروں میں بیڑیاں اور جسم زخموں سے چور—یہ وہ عوامی قربانی ہے جو ایک حقیقی لیڈر کے حصے میں آتی ہے۔ لیڈر وہی ہے جو خود تو زہر کے گھونٹ پی لے مگر جب وہ دوسروں تک پہنچے تو شہد بن جائے۔ اس تناظر میں دیکھا اور پرکھا جائے تو یہ بات طے ہے کہ ہر تقریر کے پیچھے لیڈر نہیں ہوتا اور ہر لیڈر کے آگے تقریر نہیں ہوتی۔ قابلِ اثر فنِ خطابت ہر کوئی چاہتا ہے لیکن تقریر کے لفظوں سے نکلنے والی صورتحال کی ذمہ داری کوئی کوئی لیڈر لیتا ہے۔ اس حقیقت سے واقفیت ہو تو بڑے سے بڑا مقرر بھی نتیجہ دیکھ کر ہی جملوں کا انتخاب کرتا ہے۔

چند منٹوں کی ایسی تاریخی تقریریں بھی ہوئی ہیں جن کے پیچھے برسوں کی تیاری ہوتی ہے۔ ایک ایک لفظ اور جملے کے کئی کئی پہلو دیکھے جاتے ہیں، اور پھر الفاظ و اندازِ بیاں کی وہ ترتیب دی جاتی ہے جس سے مطلوبہ نتیجہ سامنے آ سکے۔ یہاں تک پہنچنے کے لیے نیت کو پاکیزہ کرکے خدا سے انسانیت کے خیر خواہ حالات منظور کروانے پڑتے ہیں۔ جو بات ہم سمجھانا چاہتے ہیں اگر وہ الفاظ و بیان میں درست طریقے سے ظاہر نہ ہو تو کہی گئی بات کا مطلب ہی بدل جاتا ہے۔ کتنے ہی لوگ اس مسئلے میں مبتلا ہیں کہ وہ اپنی بات اپنی سوچ کے مطابق کہہ نہیں پاتے اور ان کی بات اپنی اہمیت کھو دیتی ہے۔

بیویوں کے تابناک چہروں، بچوں کی مسکراہٹ، کاروبار اور ذریعۂ معاش کی ساری تباہیوں سمیت زندگی کے ہر حسن و آسانی کو آنکھوں کے سامنے رکھ کر جوش سے نہیں ہوش سے فیصلے لینے چاہئیں۔ تقریروں والی زبان کے پیچھے ایسے دل رکھنے والے کو اپنا قائد بنائیں جو انسانی زندگیوں میں بہار لائے، کھاد بن کر زمین میں جذب ہو، جڑوں کو مضبوط کرے، مٹی و پانی سے خوش رنگ پھول پیدا کرے، خود فنا ہو اور آپ کو لذت و شیرینی سے بھرے پھل عطا کرے۔

ہر خوبصورت اور مقدس عمارت اپنے بنیاد کے پتھروں کی سلامتی مانگتی ہے۔ آدم علیہ السلام اور ان کی اولاد میں ایسے ان گنت انسانی کردار گزرے ہیں جو فرشتوں کے کیے جانے والے سجدے کا مطلب سمجھانے کے لیے کافی ہیں، اور آج بھی کئی ایسے صاحبِ کردار موجود ہیں جن کے جذبے اور خدائی کام کو دیکھ کر فرشتے ان کے لیے خدا سے کامیابی کی دعائیں مانگتے ہوں گے۔

ظفراقبال ظفر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے