شلوبر، خیبر: کمانڈر بریگیڈ اور مقامی علماء کی اہم کانفرنس، امن و سلامتی کے لیے دعا

باڑہ، خیبر (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار نورحلیم آفریدی): تحصیل باڑہ کے علاقہ شلوبَر میں واقع مدرسہ سراج الدین کے زیرِ اہتمام ایک پروقار اور جامع علماء کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس میں دینی، سماجی اور عسکری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس میں کمانڈر بریگیڈ، ونگ کمانڈر 162 ونگ، اور ڈی ایس پی ملک اکبر آفریدی سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے جید دینی اساتذہ، علماء کرام اور مفتیانِ عظام نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران مختلف مکاتبِ فکر سے وابستہ علماء کرام نے مذہبی اور سماجی امور پر اپنے قیمتی خیالات، آراء اور نقطہ نظر کا کھل کر اظہار کیا۔ شرکاء کے درمیان اتحاد و یگانگت اور درپیش سماجی و دینی چیلنجز کے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ علماء کرام نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں امن و امان کے قیام اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے تمام مکاتبِ فکر کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔

اس موقع پر کمانڈر بریگیڈ کرنل عامر توصیف نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور شرکاء سے ملاقات کی۔ انہوں نے علماء کرام کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے خطے کی صورتحال اور فلاحی امور پر خیالات کا تبادلہ کیا۔

کانفرنس کے اختتامی لمحات میں شرکاء نے ملک عزیز پاکستان کی ترقی، استحکام اور امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ اس کے علاوہ، کانفرنس میں شریک علمائے کرام اور دیگر مہمانوں کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ آخر میں تمام حاضرین کے لیے چائے کا پر تکلف اہتمام کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے