دفاعی میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل؛ پاک فوج نے جدید سپر سونک کروز میزائل ’فتح 3‘ کا کامیاب تجربہ کر لیا

راولپنڈی (کیو این این ورلڈ)پاک فوج نے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے جدید ترین سپر سونک کروز میزائل ’فتح 3‘ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’فتح 3‘ کروز میزائل انتہائی جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹمز سے لیس ہے، جو سپر سونک رفتار کے ساتھ طویل فاصلے پر موجود اہداف کو غیر معمولی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس میزائل کی شمولیت سے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل صلاحیتوں اور دور تک اہداف کو نشانہ بنانے کی رسائی میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیت اور مجموعی دفاعی حکمت عملی مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔

میزائل کے اس کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے سینئر افسران، اور اس منصوبے سے وابستہ سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا، جنہوں نے نظام کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

دوسری جانب صدرِ مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے ’فتح 3‘ سپر سونک کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم، سائنسدانوں اور انجینئرز کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔ قومی و عسکری قیادت نے ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور خود انحصاری کے حصول میں کردار ادا کرنے والے تمام ماہرین کی پیشہ ورانہ لگن اور انتھک محنت کو بھرپور انداز میں سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے