پاک افغان جوائنٹ چیمبر کی افغان قونصل جنرل سے ملاقات، سرحدی تجارت کی بحالی کے لیے حکومتی مشاورت پر زور

پشاور (کیو این این ورلڈ/نصیب شاہ شینواری کی رپورٹ) پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) کے وفد نے کوآرڈینیٹر ضیاء الحق سرحدی کی سربراہی میں افغان قونصلیٹ پشاور میں افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر سے ملاقات کی، جس میں سرحدی گزرگاہوں کی طویل بندش سے دوطرفہ تجارت، صنعت اور روزگار پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں تجارتی رکاوٹوں کے دیرپا حل اور پاک افغان تجارت کی بحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

وفد میں چیمبر کے نومنتخب سینئر نائب صدر انجینئر سید محمود، ڈائریکٹر امتیاز احمد اور مرکزی کوآرڈینیٹر ضیاء الحق سرحدی شامل تھے۔

قائم مقام افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے کہا کہ سرحدی گزرگاہوں کی بندش سے دونوں ممالک کی تجارت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے تجارتی معاملات کو سیاسی اختلافات سے الگ رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری باہمی رابطے اور افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر سید محمود نے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی، مؤثر سرحدی انتظام اور قانونی تقاضوں کو مقدم رکھتے ہوئے دوطرفہ تجارت کو درپیش مسائل کا عملی حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے عوام دیرینہ سماجی اور تجارتی روابط رکھتے ہیں، تاہم طویل سرحدی بندش سے بالخصوص خیبر پختونخوا کے برآمدکنندگان، ٹرانسپورٹرز، صنعتی کارکنوں اور سرحدی علاقوں کے کاروبار متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں سے درخواست کی کہ تاجر برادری سے مشاورت کی جائے اور جہاں حالات اجازت دیں، ضروری سکیورٹی جانچ اور مروجہ کسٹمز قواعد کے تحت تجارتی آمدورفت کی مرحلہ وار بحالی پر غور کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمبر جلد حکومتی و عسکری قیادت اور متعلقہ حکام سے ملاقاتوں میں تاجر برادری کو درپیش مشکلات اور تجارت کی بحالی کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرے گا۔

چیمبر کے مرکزی کوآرڈینیٹر ضیاء الحق سرحدی نے سرحدی بندش کے باعث پاکستانی اور افغان تاجروں کو ہونے والے مالی نقصانات کی نشاندہی کرتے ہوئے دونوں حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ مزید نقصانات سے بچنے کے لیے باہمی مشاورت کے ذریعے سرحدی گزرگاہوں پر قانونی تجارتی آمدورفت جلد بحال کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر امتیاز احمد نے کہا کہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ تجارتی گزرگاہوں کی طویل بندش سے دونوں ممالک کی تاجر برادری عاجز آ چکی ہے۔ ان کے مطابق صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور بالخصوص خیبر پختونخوا میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کاروباری طبقے کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے سرحدی گزرگاہیں جلد از جلد کھولنے کا مطالبہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے