منڈی بہاؤالدین (کیو این این ورلڈ / جنرل رپورٹر جنید طالب نوشاہی) منڈی بہاؤالدین پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پانچ روز قبل اغوا ہونے والی خاتون اور اس کے تین بچوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ پولیس نے مغویان کی بازیابی کے لیے کچے کے علاقے میں آپریشن کیا اور جدید ٹیکنالوجی و پیشہ ورانہ مہارت کی مدد سے اغوا کاروں کا سراغ لگایا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ کٹھیالہ شیخاں کی حدود میں نجی بینک کے سامنے سے خاتون کو اس کے تین بچوں سمیت اغوا کیا گیا تھا۔ اغوا کار خاتون اور بچوں کو اپنے ساتھ لے جا کر کچے کے علاقے میں منتقل ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر خاتون کو واٹس ایپ کے ذریعے انعام کا لالچ دے کر ہنی ٹریپ کیا اور بعد ازاں اسے تین بچوں سمیت اغوا کرلیا۔ خاتون کا شوہر روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہے، جبکہ خاتون اور بچوں کو مبینہ طور پر تاوان کی غرض سے اغوا کیا گیا تھا۔
واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے فوری طور پر تفتیش کا آغاز کردیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران عامر خان نے مغوی خاتون اور بچوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں اور انہیں ملزمان کا سراغ لگانے اور مغویان کی بازیابی کا ٹاسک دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل تفتیش کی مدد سے اغوا کاروں کا سراغ لگایا اور کچے کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور اس کے تینوں بچوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
ڈی پی او کامران عامر خان نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے لیے انعامات دینے کا اعلان کیا۔
خاتون اور تین بچوں کی بحفاظت بازیابی پر اہل خانہ نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔