خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک نے کویت میں مشترکہ عسکری کمانڈ کا جدید ہیڈکوارٹر قائم کرنے اور افواج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک نے کویت میں مشترکہ عسکری کمانڈ کے جدید ہیڈکوارٹر کے قیام اور وہاں افواج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد خلیجی ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، فوجی ہم آہنگی اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ہیڈکوارٹر کے مقام کے انتخاب کا فیصلہ منگل کو بحرین کے دارالحکومت منامہ میں منعقدہ جوائنٹ ڈیفنس کونسل کے 23ویں اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں رکن ممالک نے مشترکہ عسکری کمانڈ کے لیے کویت میں جدید ہیڈکوارٹر قائم کرنے اور وہاں افواج تعینات کرنے کی منظوری دی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ خلیجی ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے ایرانی حملوں کے بعد خلیجی ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے اسے اپنے فرائض کی انجام دہی میں خلیجی یکجہتی کا عملی مظہر قرار دیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق فی الحال نئے ہیڈکوارٹر کی ساخت، اس کے عملی امور اور وہاں تعینات کی جانے والی افواج کی تعداد سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ یہ تمام ممالک امریکا کے اتحادی بھی ہیں۔
جی سی سی نے دسمبر 2013 میں کویت میں منعقدہ سربراہی اجلاس کے دوران مشترکہ عسکری کمانڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کمانڈ کے قیام کا بنیادی مقصد مشترکہ فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور رکن ممالک کی سرزمین، فضائی حدود، بحری حدود اور مفادات کو لاحق ممکنہ خطرات کے مقابلے کے لیے دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانا تھا۔ کویت میں نئے ہیڈکوارٹر کے قیام کی منظوری کو اسی دفاعی تعاون کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔