دنیا کے گرم ترین اور خشک ترین مقامات میں شمار ہونے والی امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ‘ڈیتھ ویلی نیشنل پارک’ میں ایک ایسی قدرتی جھیل کی خشک تہہ موجود ہے جسے ‘ریس ٹریک پلایا’ (Racetrack Playa) کہا جاتا ہے۔ اس مقام کی سب سے عجیب اور پراسرار بات یہاں موجود بھاری بھرکم چٹانی پتھر ہیں، جنہیں ‘سیلنگ اسٹونز’ (Sailing Stones) کہا جاتا ہے۔ یہ بے جان پتھر کسی بھی انسانی یا حیوانی مدد کے بغیر خودبخود اپنی جگہ سے سرکتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں۔
یہ پتھر، جن کا وزن بعض اوقات 200 کلوگرام سے بھی زیادہ ہوتا ہے، ریس ٹریک کی خشک سطح پر اس طرح حرکت کرتے ہیں کہ ان کے پیچھے مٹی پر گہرے نشانات یا ٹریک بن جاتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق یہ چٹانیں ایک منٹ میں 15 فٹ سے زیادہ سرک سکتی ہیں اور اکثر اپنی اصل جگہ سے 1 ہزار فٹ دور تک نکل جاتی ہیں۔ تاہم، سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ دہائیوں تک کسی انسان نے ان پتھروں کو براہِ راست اپنی آنکھوں سے حرکت کرتے نہیں دیکھا۔
اس تاریخی اور پراسرار معمے کی سائنسی وجہ پہلی بار 2014 میں اس وقت سامنے آئی جب سائنسدانوں نے ‘ٹائم لیپس فوٹوگرافی’ (Time-lapse photography) کی مدد سے ان پتھروں کو متحرک ریکارڈ کیا۔
تحقیق کے مطابق، اس علاقے میں سال بھر میں اوسطاً محض 2 انچ بارش ہوتی ہے۔ ڈیتھ ویلی نیشنل پارک کی انتظامیہ اور سائنسدانوں (بشمول جیمز نورس) نے بتایا کہ سردیوں کے دنوں (دسمبر سے فروری) میں جب اس خشک جھیل پر بارش ہوتی ہے تو رات کے وقت درجہ حرارت گرنے سے پانی کی ایک انتہائی پتلی اور شفاف برفانی تہہ بن جاتی ہے۔
دن کے وقت جب سورج نکلتا ہے تو یہ برف پگھل کر انتہائی پھسلن پیدا کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جب خطے میں تند و تیز ہوائیں چلتی ہیں، تو وہ برف کے ان تیرتے ہوئے ٹکڑوں اور ان میں جمے ہوئے بھاری پتھروں کو آگے کی طرف دھکیلتی ہیں۔ اس عمل کو سائنسدانوں نے ‘آئس شوو’ (Ice Shove) کا نام دیا ہے۔
سائنسدانوں نے یہ دریافت حادثاتی طور پر اس وقت کی جب وہ دسمبر کے مہینے میں اپنے کیمروں کو چیک کرنے گئے اور انہوں نے 60 چٹانوں کو آہستگی سے سرکتے دیکھا۔ چونکہ یہ حرکت مخصوص موسمی حالات میں صرف چند منٹ کے لیے ہوتی ہے اور اگر بارش نہ ہو تو پتھر سالہا سال اپنی جگہ جمے رہتے ہیں، اس لیے انہیں سرکتے ہوئے دیکھنا انتہائی مشکل ہے۔
اگرچہ کسی سیاح کے لیے اس حرکت کو براہِ راست دیکھنا ناممکن کے قریب ہے، لیکن اگر دسمبر سے فروری کے درمیان بارش کے بعد ریس ٹریک پلایا کا دورہ کیا جائے تو ان پتھروں کے پیچھے بنے ہوئے طویل ٹریکس کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔