بابا گورونانک یونیورسٹی کی عالمی سائنس کانفرنس، صنعت و جامعات کے تعاون کے لیے معاہدے

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف احسان اللہ ایاز) بابا گورونانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب میں تین روزہ تیسری عالمی سائنس و ٹیکنالوجی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب میں وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب اور چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پنجاب پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی جامعات سے آئے ماہرین، محققین اور علمی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے قدرتی وسائل کے درست استعمال، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی اور ان مسائل سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

کانفرنس کا بنیادی مقصد سائنسی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، علمی تبادلے اور صنعت و جامعات کے درمیان تعاون کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر بابا گورونانک یونیورسٹی نے قصور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ڈان بریڈ اور الائیڈ فوڈز کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں کا مقصد تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا اور مشترکہ تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

کانفرنس کے دوران طلبہ نے اپنے تحقیقی اور تخلیقی منصوبوں کی نمائش بھی کی، جن میں انہوں نے کتابی علم کو عملی شکل میں پیش کیا۔ شرکاء نے طلبہ کے منصوبوں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ان کی تخلیقی صلاحیتوں، تحقیقی کاوشوں اور عملی مہارتوں کو سراہا۔

اس تین روزہ کانفرنس کو یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے بین الاقوامی علمی روابط کے فروغ، تحقیق و جدت کی حوصلہ افزائی اور صنعت و تعلیم کے شعبوں کے درمیان مؤثر تعاون کے قیام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

کانفرنس کے اختتام پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ کانفرنس کی بہترین کوریج کرنے والے صحافیوں میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے