گوجرانوالہ میں اسٹیم مقابلہ، ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی ) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نجیب میموریل میں اسٹیم مقابلہ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، سائنسی سوچ کو فروغ دینے اور انہیں جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا تھا۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے نمائش کا افتتاح کیا اور طلبہ کی جانب سے تیار کردہ سائنسی ماڈلز، جدید ٹیکنالوجی کے نمونوں اور مختلف تخلیقی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے منصوبوں کی افادیت، تیاری کے طریقہ کار اور عملی پہلوؤں کے بارے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور ان کی محنت، ذہانت اور سائنسی دلچسپی کو سراہا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ جدید تعلیم کا تقاضا ہے کہ طلبہ کو کتابی علم کے ساتھ عملی تجربات کے زیادہ سے زیادہ مواقع بھی فراہم کیے جائیں۔ اسٹیم مقابلے طلبہ میں سائنسی سوچ، تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور مسائل حل کرنے کی استعداد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی پر مبنی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ان شعبوں میں عملی مہارت اور جدت ہی طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتی ہے۔ طلبہ کی حوصلہ افزائی اور مناسب رہنمائی کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں جدید تدریسی سرگرمیوں، تحقیق اور عملی مہارتوں کے فروغ سے تعلیمی معیار بہتر بنانے کے ساتھ طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے بھی ہم آہنگ کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے تعلیمی وژن کے مطابق سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم اور جدید تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، نئے آئیڈیاز پیش کرنے اور انہیں عملی شکل دینے کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ تعلیم کے ساتھ تحقیق، جدت اور عملی مہارتوں میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے