ایڈورڈز کالج کے انتظامی و مالیاتی مسائل حل کرنے کے لیے اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت، فنڈز خیبر بینک منتقل کرنے کی تجویز

پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایڈورڈز کالج پشاور کی موجودہ کارکردگی اور انتظامی معاملات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کالج کی بہتری کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کالج کے انتظامی و مالیاتی امور کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے، مستقل پرنسپل کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کرنے اور زیرِ التواء مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیا ہے۔

2 نومبر 2026 کو گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ایڈورڈز کالج پشاور کی بہتری اور انتظامی و تعلیمی امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، بورڈ آف گورنرز کے اراکین، کالج کے پرنسپل اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں گورنر کو ایڈورڈز کالج کے انتظامی امور، انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل نظام، ای لرننگ، تعلیمی کارکردگی اور طلبہ کی کامیابیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ کالج کے مالیاتی انتظام، انتظامی اصلاحات، احتساب، غیر نصابی سرگرمیوں اور ٹیکس سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ایڈورڈز کالج کی بہتری کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کالج کو درپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور انتظامی و تعلیمی امور کی بہتری کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مشیر تعلیم کو ایڈورڈز کالج کے تمام معاملات بہتر بنانے کا ٹاسک دیا جا رہا ہے، اس لیے اصلاحاتی اقدامات پر پیش رفت تیز کی جائے۔ گورنر نے کالج کے لیے مستقل پرنسپل کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کرنے اور زیرِ التواء کمیٹیوں میں اراکین کی کمی فوری طور پر پوری کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں گورنر نے کالج کے انتظامی اور مالیاتی امور کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے، کالج کے فنڈز خیبر بینک میں منتقل کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے اور ٹیکس سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے بعض شعبہ جات میں طلبہ کے کم داخلوں اور کمپیوٹر لیب کی بہتری کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ایڈورڈز کالج کو ڈگری جاری کرنے والا ادارہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کالج کے مسائل کے حل اور تعلیمی معیار کی بحالی کے لیے تمام معاملات فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھائے جائیں، جبکہ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے جامع منصوبہ بندی کرکے ترقیاتی کام جلد شروع کیے جائیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایڈورڈز کالج کو اس کی سابقہ تعلیمی عظمت اور وقار کی بحالی کی جانب لے جانا ہوگا۔ اجلاس کے شرکاء نے بھی کالج کی ترقی، تعلیمی معیار اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے