خیبرپختونخوا میں کاروباری اصلاحات تیز کرنے کا فیصلہ، این او سیز اور آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنانے پر زور

پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کا فروغ اور کاروباری افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔ اس مقصد کے لیے شفاف، مؤثر اور جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے تاکہ کاروباری افراد کو غیر ضروری مشکلات اور سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے نجات مل سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں کاروبار کو آسان بنانے اور متعلقہ قوانین و ضوابط میں اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، مشیر صنعت ارشاد احمد، مشیر ترقی و منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری صنعت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گورنر کو کاروباری افراد کو سہولیات کی فراہمی، این او سیز کے اجرا، خیبرپختونخوا آسان کاروبار ایکٹ 2025، آسان کاروبار لائیو پورٹل، ریگولیٹری لائسنسنگ اینڈ سرٹیفکیشن دفاتر کی ڈیجیٹائزیشن اور اس حوالے سے درپیش مسائل کے حل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے گورنر کو کاروباری اصلاحات کے لیے 19 محکموں کی مشاورت سے تیار کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ کاروباری افراد کو تمام متعلقہ سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کے لیے سنگل ونڈو نظام متعارف کرایا جائے، جبکہ کاروبار کے فروغ اور عوامی سہولت کے پیش نظر آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار مزید آسان بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا مؤثر نظام تشکیل دیا جائے جس کے تحت شہریوں کو معمولی نوعیت کے کاموں کے لیے سرکاری دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں۔

انہوں نے آسان کاروبار سے متعلق شکایات کے اندراج اور فوری ازالے کے لیے تیار کردہ پورٹل کو جلد از جلد فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے۔

گورنر نے وفاقی حکومت کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے اور کاروباری اصلاحات سمیت ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کا عمل تیز کرنے کے لیے محکمہ آئی ٹی کے ساتھ فوری اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے آسان کاروبار کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس جلد طلب کرنے پر زور دیا تاکہ مجوزہ اصلاحات پر عملی پیش رفت شروع کی جا سکے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سرکاری خدمات کی فراہمی کو شفاف، مؤثر اور جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے